Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جاوید اختر کو اذان سے متعلق متنازع ٹویٹ پر شدید تنقید کا سامنا

ممبئی: بھارت کے معروف مصنف اور شاعر جاوید اختر کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، انہوں نے چند روز قبل اذان سے متعلق متنازع ٹویٹ کی تھی۔

انہوں نے گزشتہ دنوں اذان سے متعلق اپنی متنازع ٹویٹ میں کہا تھا کہ 'بھارت میں تقریباً 50 سال تک لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینا حرام تھا، بعد ازاں یہ حلال ہوگیا اور اس قدر حلال ہوا کہ اس کی کوئی حد نہ رہی لیکن اس کا کہیں نہ کہیں اختتام ہونا چاہیئے'۔

انہوں نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ 'اذان دنیا ٹھیک ہے لیکن لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے سے دوسروں کو پریشانی ہوتی ہے، اسی لئے میں امید کرتا ہوں کہ اس بار وہ لوگ خود اس پر پابندی لگالیں'۔

جاوید اختر کو اس متنازع ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ متعدد صارفین نے جاوید اختر کی رائے سے مکمل اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ برائے مہربانی آپ اسلام سے متعلق ایسے نامناسب الفاظ کا استعمال نہ کریں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اذان عبادت کیلئے بلانے کا سب سے خوبصورت ذریعہ ہے اور اذان جیسی خوبصورت آواز دنیا میں کسی اور چیز کی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ جاوید اختر سے قبل بھارتی گلوکار سونو نگھم بھی اذان سے متعلق ایسی ہی بات کہہ چکے ہیں اور انہیں بھی اس بات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Sonu Nigam extends his stay in Dubai amid coronavirus

دوسری جانب کچھ عرصہ قبل سونو نگھم کی تنقید کے بعد بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے اذان سے متعلق ایسی بات کہی تھی کہ ناقدین کے منہ بند ہوگئے تھے۔

کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ مجھے ذاتی طور پر اذان سے محبت ہے، جب ہم فلم 'تنو ویڈز منو' کی لکھنو میں شوٹنگ کررہے تھے تو پانچوں وقت مجھے اذان کی آواز سنائی دیتی تھی جو میرے کانوں کو انتہائی بھلی محسوس ہوتی تھی۔

Kangana Ranaut 106 | DreamPirates

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجھے اذان کی آواز سن کر یوں لگتا تھا کہ میں خود سے گفتگو کر رہی ہوں۔

بھارتی اداکارہ نے مزید کہا تھا کہ کوئی بھی مذہبی سرگرمی ہو مجھے پسند ہے، مجھے مسجد میں جانا اچھا لگتا ہے اور میں اس کے ساتھ ساتھ مندر اور چرچ بھی جاتی ہوں۔